حیدرآباد،یکم جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)تلنگانہ کے ہڑتال کررہے ججوں کے ساتھ یکجہتی د کھاتے ہوئے ریاست کی مختلف عدالتوں اور دیگر عدالتی محکموں میں کام کرنے والے تقریباََ8000ملازمین آج غیر معینہ ہڑتال پر چلے گئے، جس سے عدالتوں کا کام کاج ٹھپ پڑگیا۔ان ملازمین نے ہائی کورٹ کی تقسیم اور آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے درمیان عدالتی حکام کی عارضی تقرری کی فہرست کو واپس لینے سمیت دیگر مطالبات رکھے ہیں۔آل انڈیا عدالتی ملازمین ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری بی لکشماریڈی نے کہاکہ تمام10اضلاع کے ملازمین نے مظاہرہ کیا۔ریڈی نے بتایا کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے درمیان ججوں کی تقرری کو ہم فوری طورپرواپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ ہائی کورٹ کی تقسیم ہونی چاہئے،ہماری مانگیں پوری ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔ریڈی سمیت ایسوسی ایشن کے دیگر8 اہم ارکان کو ہائی کورٹ نے کل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں معطل کر دیا تھا۔ہائی کورٹ نے گزشتہ چار دن میں ضابطہ اخلاق کی بنیادپر11عدالتی حکام کومعطل کردیاتھا۔